دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستانی وومن سکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے خواتین کی نیشنل اور اے ٹیم میں شامل 26 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 208 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی جویریہ خان کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اے ٹیم کی علیحدہ علیحدہ کپتان نامزد کی گئی ہیں۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ کیریبین میں تین ٹی ٹونٹی اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کی اے ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

ون ڈے سیریز میں قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی قیادت رامین شمیم کریں گی۔ وہ دو ون ڈے اور چار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

ٹی ٹونٹی سیریز میں سدرہ امین خواتین اے کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔ وہ 98 انٹرنیشنل میچز کا تجربہ رکھتی ہیں۔

چیئر پرسن نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ خواتین کرکٹ ٹیم اور خواتین اے ٹیم کا اکٹھے کسی دورے پر روانہ ہونا پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ 26 کرکٹرز بہترین کارکردگی کی بدولت گذشتہ نو ماہ سے ہمارے ہائی پرفارمنس کیمپس کا حصہ رہی ہیں جہاں انہوں نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی زیرنگرانی سخت محنت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورے میں شامل اے کرکٹ ٹیم کے میچز نوجوان کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کی ترغیب دیں گے ان میچز میں بہتر پرفارمنس انہیں قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بناسکتی ہے۔

دورے میں شامل 26 کھلاڑیوں سمیت قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ 21 جون کو لاہور پہنچ رہی ہے۔ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان 23 جون کو لاہور سے انٹیگا روانہ ہوں گے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاہور پہنچنے پر اسکواڈ کی تمام اراکین کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اسکواڈ میں شامل جس رکن کا کووڈ 19 ٹیسٹ منفی آئے گا صرف اسے ہی اسکواڈ کے ہمراہ ویسٹ انڈیز روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔

ویسٹ انڈیز پہنچنے پر پورے اسکواڈ کی پانچ روز میں 2 مرتبہ کووڈ 19 کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ اس دوران یہ تمام ارکان روم آئسولیشن میں رہیں گے۔

سکواڈ

جویریہ خان (کپتان، خواتین کرکٹ ٹیم)، رامین شمیم (ون ڈے کپتان خواتین اے کرکٹ ٹیم)، سدرہ نواز (ٹی 20 کپتان خواتین اے کرکٹ ٹیم)، عالیہ ریاض، ایمن انور، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ رؤف، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ، ماہم طارق، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ناہیدہ خان، نجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سیدہ عروب شاہ۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button